بدھ 5 مارچ 2025 - 16:25
حوزہ علمیہ قم جدید دنیا سے روابط کا خواہاں ہے / ایران ایک پرامن، محفوظ اور گہری و قدیم ثقافت رکھنے والا ملک ہے

حوزہ/ ایران میں جاپان کے سفیر نے کہا: حوزہ علمیہ قم سب سے پیشرفتہ اسلامی مرکز ہے اور جدید دنیا سے روابط قائم کرنے میں کوشاں ہے۔ میں نے یہ سمجھا ہے کہ حوزہ علمیہ ایرانی معاشرے اور اس کی حقیقتوں کی صحیح اطلاع رسانی کے لیے سرگرم ہے۔ یہی وہ دقیق نکتہ ہے جس پر توجہ دینی چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے دورے کے موقع پر حوزہ نیوز کے نمائندہ کے ساتھ گفتگو میں جاپان کے سفیر "تسوکادا تاماکی" نے ایران میں ایران و جاپان کے درمیان میڈیا، ثقافتی اور تمدنی تعامل نیز علمائے اسلام اور ادیان بالخصوص حوزہ علمیہ قم کے ساتھ روابط پر گفتگو کی۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران جاپانی ثقافت اور تاریخ پر مختصر معلومات دیتے ہوئے کہا: جاپانی ثقافت کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے رسول و روایات کو خاص اہمیت دیتی ہے لیکن ساتھ ہی نئی چیزوں کو بھی قبول کرتی ہے اور مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ جاپان کی تاریخ بھی اسی طرح رہی ہے؛ ایک مدت تک سرحدیں بند رکھنے کے بعد، بیرونی عناصر کو قبول کر کے ترقی کا راستہ اپنایا اور اپنی ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے دنیا سے روابط کو جاری رکھا۔

ایران میں جاپان کے سفیر نے کہا: جاپانی ثقافت ایسی ہے جو روایات کی پابندی کے ساتھ بین الاقوامی سطح اور دیگر میدانوں میں خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھالتی ہے اور اس طرح ترقی کرتی آ رہی ہے۔ یہ عمل کسی سرکاری پالیسی کے تحت نہیں بلکہ قدرتی اور تدریجی طور پر ہوا اور جاپانی ثقافت کی ایک ممتاز خصوصیت بن گیا۔

حوزہ علمیہ قم جدید دنیا سے روابط کا خواہاں ہے / ایران ایک پرامن، محفوظ اور گہری و قدیم ثقافت رکھنے والا ملک ہے

انہوں نے ایران کے متعلق اپنے نظریات بیان کرتے ہوئے کہا: میں بطور سفیرِ جاپان ایران میں کام کر رہا ہوں اور مجھے اس ملک کے کئی پہلوؤں کو دیکھنے کا موقع ملا ہے، البتہ ایک ملک کی گہری شناخت کے لیے برسوں مطالعہ اور تجربے کی ضرورت ہے اور میں اب بھی سیکھنے کے مراحل میں ہوں۔ اس کے باوجود میں نے بخوبی درک کیا ہے کہ ایران اس تصور سے بہت مختلف ہے جو دنیا میں بعض لوگ پیش کرتے ہیں۔

جاپانی سفیر "تسوکادا تاماکی" نے مزید کہا: بیرونی میڈیا میں جو کچھ کہا جاتا ہے اس کے برعکس ایران ایک پرامن، محفوظ اور گہری و قدیم ثقافت رکھنے والا ملک ہے۔ جو لوگ پہلی بار ایران آتے ہیں تو اس کی عوام، ماحول، ثقافت اور تاریخ سے ملاقات کے بعد حیران رہ جاتے ہیں اور ان کے سابقہ تصورات بدل جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا: جہاں تک حوزہ علمیہ قم کا تعلق ہے، پہلے سے جانتا تھا کہ یہ اسلامی دنیا کے اہم ترین علمی اور دینی مراکز میں سے ایک ہے اور علمی و دینی سرگرمیوں میں پیشرفتہ ترین مراکز میں شمار ہوتا ہے، لیکن آج میں نے یہ جانا کہ حوزہ علمیہ قم اپنی علمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے اور جدید دنیا سے روابط کا بھی خواہاں ہے۔ یہ وہ نکتہ ہے جو مجھے پہلے معلوم نہ تھا۔ خاص طور پر حوزہ علمیہ کی اطلاع رسانی کی سرگرمیاں جیسے میڈیا، سوشل میڈیا اور ایرانی معاشرے کی حقیقتوں کو لوگوں تک پہنچانا بہت اہم ہیں اور حوزہ علمیہ کی عالمی موجودگی کے لیے یہ امور اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ بات میرے لیے دلچسپی کا باعث بنی۔

حوزہ علمیہ قم جدید دنیا سے روابط کا خواہاں ہے / ایران ایک پرامن، محفوظ اور گہری و قدیم ثقافت رکھنے والا ملک ہے

تسوکادا تاماکی نے کہا: میری نظر میں ایران کی ترقی کے لیے معاشرے اور دین اسلام کے درمیان روابط بہت ضروری ہیں اور یہ ایک قابل توجہ موضوع ہے۔ اسی لیے آج کی ملاقاتیں اور گفتگو میرے لیے خاص اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: مجھے علم ہے کہ اس وقت ایران صدر محترم ایران جناب ڈاکٹر پزشکیان اور وزیرخارجہ جناب عراقچی کی قیادت میں بین الاقوامی برادری سے اپنے روابط بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ میں جاپان کے سفیر کی حیثیت سے ایران کی اس پالیسی کی حمایت کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ پالیسی کامیاب ہو۔ جاپان ایک اہم شراکت دار کے طور پر اس عمل میں بڑا کردار ادا کر سکتا ہے اور تعاون کے لیے مناسب ماحول فراہم کر سکتا ہے۔ ایران کو اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے اور جاپان بھی اس راہ میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

حوزہ علمیہ قم جدید دنیا سے روابط کا خواہاں ہے / ایران ایک پرامن، محفوظ اور گہری و قدیم ثقافت رکھنے والا ملک ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha